بھٹکل 24/مئی (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا میں کورونا کے بڑھتے معاملات اورمنگل کو لاک ڈاون میں دی جانے والی چار گھنٹوں کی چھوٹ کو دیکھتےہوئے بھٹکل میں پیر رات سےہی ضروری اشیاء کی دکانوں اور سوپر مارکٹوں کے باہر پولس پیشگی اقدامات کے طور پر حفاظتی انتظامات کرنے میں جُٹ گئی ہے۔ اُن دکانوں اور سوپر مارکٹوں کے باہر جہاں عوام کی بھیڑ جمع ہونے کا خدشہ ہے، پولس نے بیری کیڈ لگاتےہوئے عوام کے لئے پارکنگ کا مناسب بندوبست کرنےکےساتھ ساتھ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کو یقینی بنانے مناسب اقدامات کررہی ہے۔
یاد رہے کہ اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر ملئے مہیلن نے ضلع میں کورونا کے بڑھتے معاملات کو دیکھتےہوئے ضلع بھر میں ہفتہ میں صرف دو دن (منگل اور جمعہ) کو ضروری اشیاء کی خریداری کےلئے چار گھنٹوں کی راحت دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ 7 جون تک بقیہ دنوں میں کسی بھی دکان کو کھولنے سمیت لوگوں کے گھروں سے باہر نکلنے پر بھی پابندی عائد کررکھی ہے، یہاں تک کہ گھروں سے باہر نکلنے پر گاڑیوں کو ضبط کرنے کی بھی پولس کو ہدایات دی گئی ہیں۔
اب چونکہ تین دنوں تک مکمل لاک ڈاون کے بعد کل منگل کو ضروری اشیاء کی دکانیں اور سوپر مارکٹ چار گھنٹوں کے لئے کھلیں گی تو ظاہر بات ہے کہ خریداری کے لئے عوام کی بڑی تعداد دکانوں میں ٹوٹ پڑے گی، بھیڑ پر قابو پانے کےلئے پولس رات سےہی محترک ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ ریاست کرناٹک میں جن پانچ اضلاع میں سب سے زیادہ کووڈ کے معاملات سامنے آرہےہیں، اُن میں ضلع اُترکنڑا بھی ایک ہے۔ یہ بھی بتاتے چلیں کہ آج پیر کو ایک ہی دن ضلع اُترکنڑا میں کورونا پوزیٹیو کے 1160 معاملات سامنےآئے ہیں جس میں سب سے زیادہ معاملات کمٹہ میں 176، بھٹکل میں 131، سرسی میں 128، ہلیال میں 127، سداپور میں 119اور یلاپور میں 116 کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو آئی ہے۔
